Time 06 جولائی ، 2023
پاکستان

پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس، احتساب عدالت نے نواز شریف کی بريت کا فیصلہ جاری کردیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

احتساب عدالت لاہور نے سابق وزیراعظم اور  مسلم لیگ ن کے قائد نواز  شریف کی غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس سے بريت کا فیصلہ  جاری کردیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہےکہ  ریکارڈ بتاتا ہےکہ نواز شریف کو  سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، اس وقت کی حکومت نے نیب حکام کو نوازشریف کا سیاسی کیریئر تباہ کرنے پر مجبور کیا، ملک کے تین بار کے وزیراعظم نواز شریف کی ساکھ کو تباہ کیا گیا۔

احتساب عدالت نے قرار دیا ہے کہ  ریفرنس کےالزامات میں نواز شریف کا کردار شریک ملزموں سے بھی کم ہے۔

 عدالت نے نوازشریف اور  ان کی جائیدادوں کے27 شیئرہولڈرز کی منجمد  جائیدادیں بحال کرنےکا حکم دیتے ہوئے کہا ہےکہ نیب کیس پراپرٹی اپیل کا وقت ختم ہونےکے بعد ریلیز کر دے، فیصلےکی کاپی چیئرمین نیب اور ڈپٹی پراسکیوٹر  جنرل نیب کوبھیجی جائے۔

فیصلے میں کہا گیا ہےکہ  سینئر اسپیشل پراسکیوٹر اسداعوان کو حقائق کا علم  ہونےکی بنیاد  پر عدالتی معاون مقرر کیا گیا، سینئر اسپیشل پراسیکیوٹر نےکہا کہ  نواز شریف کو اشتہاری  قرار  دینا قانون کے مطابق نہیں تھا، اسپیشل پراسکیوٹر نےکہا کہ نئی نیب ترمیم کے مطابق نواز شریف کے خلاف کارروائی نہیں ہوسکتی۔

احتساب عدالت نے فیصلے میں کہا کہ عدالت خاموش تماشائی نہیں بن سکتی، نواز شریف کو  اشتہاری قرار  دینےکا فیصلہ  واپس لیا جاتا ہے، تعمیل کنندہ کا بیان ریکارڈ نہ کرنے پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

مزید خبریں :