Time 30 جولائی ، 2023
پاکستان

نوازشریف چند ہفتوں میں وطن واپس آئیں گے اور قانون کا سامنا کریں گے: شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف جلد وطن واپس آئیں گے ، اللہ نے چاہا تو چند ہفتوں میں آئیں گے اور قانون کا سامنا کریں گے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھاکہ ہمارے 15 ماہ میں پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل گیا، ان 15 ماہ میں پاکستان کے کھوئے ہوئے وقارکوبحال کیا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اورپنشن میں ساڑھے 17 فیصد اضافہ کیا۔

انہوں نے بتایاکہ ہماری حکومت نے بڑے بزنس ہاؤسزپر سپرٹیکس لگایا، کارپوریٹ سیکٹربہت حد تک ٹیکس دیتا ہے۔

نواز شریف سے متعلق ان کا کہنا تھاکہ نواز شریف کو سازش کے تحت جھوٹے مقدمے میں سزا دلوائی گئی، آج نوازشریف کے خلاف سازش بےنقاب ہوچکی ہے، سازش کرنے والے سب چہرے سامنے آچکے ہیں، ہرکام کےلیے وقت مقرر ہے، جن لوگوں نے ملک کےخلاف سازش کی ان کا احتساب ہونا چاہیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ نوازشریف علاج کےلیے بیرون ملک گئے تھے، ان کے علاج کےلیے میڈیکل بورڈ چیئرمین پی ٹی آئی نے بنایا تھا، وہ جلد وطن واپس آئیں گے، اللہ نے چاہا تونوازشریف چند ہفتوں میں پاکستان آئیں گے اور وہ پاکستان آئیں گے توقانون کا سامنا کریں گے۔

سانحہ 9 مئی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھاکہ 9 مئی کو پاکستان، پاک فوج اور آرمی چیف کےخلاف سازش تھی، 9 مئی واقعات کے سرغنہ چیئرمین پی ٹی آئی تھے، چیئرمین پی ٹی آئی اس کے حواری، سیاسی جتھہ، کچھ فوجی اور ان کے خاندان کے افراد بھی شامل تھے۔

انہوں نے بتایاکہ 9 مئی کو یہ سازش کی گئی تھی کہ پاکستانی فوج کا تختہ الٹ دیں، یہ سازش کی گئی تھی کہ ملک میں انتشارہو اورخانہ جنگی ہوجائے، بطور وزیراعظم یہ ساری باتیں معلومات کی بنیاد پرکررہا ہوں، جن لوگوں نے شہری تنصیبات پرحملےکیے ان پراے ٹی سی کے تحت مقدمات ہونگے۔

نیب قوانین کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھاکہ نیب قانون میں تبدیلیاں اس لیے کی گئیں کہ ملک آگے چلے، بعض سیاستدان اورسرکاری افسران قانون کےمطابق بھی کام کرنے کوتیارنہیں نیب کی وجہ سے ڈرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افسران ڈرتے ہیں کل کوٹھیک کام بھی کیا تونیب ان کوپکڑکررسوا کرے گا، کاروباری افراد نے نیب کی وجہ سے سرمایہ لگانا بند کردیا تھا۔

انتخابات کے حوالے سے شہباز شریف کا کہنا تھاکہ الیکشن میں پی پی سمیت تمام اتحادی جماعتوں سے ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے جہاں ایڈ جسٹمنٹ کی ضرورت نہیں وہاں اپنا امیدوار کھڑا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن جیتے تو وزارت عظمیٰ کے امیدوار نوازشریف ہوں گے۔

مزید خبریں :