02 اگست ، 2023
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے سابق کرکٹر مصباح الحق کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلیٰ سطح کی کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دے دی ہے، سابق کپتان مصباح الحق اس تین رکنی کمیٹی کے سربراہ ہیں جبکہ اس میں دو سابق کپتان انضمام الحق اور محمد حفیظ بھی شامل ہیں۔
کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی کرکٹ سے متعلق اپنی تجاویز پیش کرے گی جن میں ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ، پلیئنگ کنڈیشنز، قومی سلیکشن کمیٹی کا تقرر، قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز کی تقرری، سینٹرل اور ڈومیسٹک کنٹریکٹس اور امپائرز و ریفریز اور کیوریٹرز کے بارے میں منصوبہ بندی شامل ہیں۔
کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ کرکٹ کے ماہرین کو بھی مدعو کرسکے گی اور اپنی رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین کو باقاعدگی سے دے گی۔
مصباح الحق، انضمام الحق اور محمد حفیظ جدید دور کی کرکٹ کے تقاضوں کو اچھی طرح سمجھتے ہیں: ذکاء اشرف
پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ وہ مصباح الحق، انضمام الحق اور محمد حفیظ کو اس کمیٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں، یہ تینوں سابق کپتان کرکٹ کی زبردست معلومات رکھتے ہیں اور جدید دور کی کرکٹ کے تقاضوں کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔
ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ کسی بھی کرکٹ کھیلنے والی قوم کا ستون ہوتا ہے اور ہمیں اپنے ڈھانچے کو بہترین انداز میں تیار کرنا ہے، مصباح الحق، انضمام الحق اور محمد حفیظ کی موجودگی سے ہمارے کرکٹ سسٹم کو بہترین بنانے میں مدد ملے گی تاکہ ہم بہترین کرکٹرز سامنے لاسکیں۔
یہ ذمہ داری میرے لیے چیلنج ہے: مصباح الحق
مصباح الحق کا اپنی تقرری پر کہنا ہے کہ یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ وہ اس کمیٹی کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں جس میں قابل احترام افراد شامل ہیں جنہوں نے پاکستان کرکٹ کی بڑی خدمت کی ہے۔
مصباح الحق کا کہنا ہے کہ یہ ذمہ داری ان کے لیے چیلنج ہے تاہم وسیع تجربے اور معلومات کی بدولت یہ کمیٹی کھیل میں بہتری سے متعلق اپنی تجاویز کے ذریعے گراس روٹ سے ٹاپ لیول پر مثبت تبدیلی سامنے لاسکے گی ۔
ڈومیسٹک کرکٹ آپریشن کے قائم مقام ڈائریکٹر جنید ضیاء کو اس کمیٹی میں ایکس آفیشو ممبر کے طور پر شامل کیا گیا ہے جبکہ عثمان تسلیم کمیٹی کے سیکرٹری ہونگے۔
کمیٹی میں شامل تینوں سابق کپتان شاندار کیریئر کے حامل رہے ہیں
واضح رہے کہ کمیٹی میں شامل تینوں سابق کپتان شاندار کیریئر کے حامل رہے ہیں۔
مصباح الحق پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان ہیں جنہوں نے 56 ٹیسٹ میں سے 26 ٹیسٹ میچز جیتے ہیں، ان کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم اگست 2016میں آئی سی سی کی عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچی تھی، وہ اس ٹیم میں بھی شامل تھے جس نے2009 میں یونس خان کی قیادت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا تھا۔
مصباح الحق نے75 ٹیسٹ میں5222 رنز، 162 ون ڈے انٹرنیشنل میں5122 رنز اور 39 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں788 رنز بنائے ہیں۔
انضمام الحق 1992 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم میں شامل تھے، وہ 378 ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ 11739رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں جن میں 10 سنچریاں اور 83 نصف سنچریاں شامل ہیں، انہوں نے120 ٹیسٹ میں 8830رنز اسکور کیے جن میں 25سنچریاں اور 46نصف سنچریاں شامل ہیں، وہ ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے جو ان کی قیادت میں انگلینڈ کےخلاف برسٹل میں پانچ وکٹوں سے پاکستان جیتا تھا۔
محمد حفیظ نے55 ٹیسٹ میچوں میں3652 رنز بنانے کے علاوہ 53 وکٹیں حاصل کی ہیں، 218 ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کے بنائے گئے رنز کی تعداد6614 اور وکٹوں کی تعداد 139ہے جبکہ 119 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں انہوں نے2514 رنز بنائے اور 61 وکٹیں حاصل کیں، وہ ایک کیلنڈر سال میں ہزار رنز اور تیس وکٹیں لینے والے سنتھ جے سوریا اور جیک کیلس کے بعد تیسرے آل راؤنڈر ہیں۔