03 اگست ، 2023
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں گاڑی پر فائرنگ سے رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے (اکرم ابڑو اور شہریار ابڑو) قتل کیس کی تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے۔
تحقیقاتی ٹیم نے تہرے قتل کے نامزد ملزمان کے خلاف مزید شواہد حاصل کرلیے ہیں۔
تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم زبیر شاہوانی اپنے 2 محافظوں ثنا اللہ اور مجیب کے ساتھ 23 جولائی کو کراچی آیا تھا، واردات کے روز ثنا اللہ اور مجیب موٹر سائیکل پر 11 بج کر 35 منٹ پر زبیر شاہوانی کے فلیٹ سے نکلے، جس کے بعد اب تحقیقاتی ٹیم نے حملہ آوروں کے فلیٹ سے نکلنے کی ویڈیوز بھی حاصل کرلیں۔
تحقیقاتی ٹیم کے مطابق واردات کے بعد موٹر سائیکل سوار ملزمان واپس فلیٹ پر آئے اور کپڑے تبدیل کیے، پولیس نے فلیٹ کی تلاشی کے دوران کپڑے اور دیگر اشیا برآمد کرلیں۔
تحقیقاتی حکام کا کہنا تھا کہ اکرم ابڑو پر فائرنگ کا واقعہ 11 بج کر 53 منٹ پر پیش آیا،ملزمان کے خلاف ڈیفنس تھانے میں گزشتہ روز مقدمہ درج کیا گیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ڈیفنس میں گاڑی پر فائرنگ سے رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے ۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے ڈیفنس میں ویگو گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جس میں رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے سمیت 4 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 3 زخمی دم توڑ گئے تھے