06 اگست ، 2023
نوابشاہ کے قریب ٹرین حادثے کے بعد امدادی کاروائیاں جاری ہیں کہ پشاور سے کراچی آنے والی 2 ڈاؤن خیبر ایکسپریس بھی بہاولپور کے قریب حادثے سے بال بال بچ گئی۔
سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بہاولپور سے سمہ سٹہ جنکشن ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر خیبر میل ایکسپریس کی کئی بوگیاں ٹرین سے الگ ہو گئیں۔
ٹرین کے دو حصوں میں بٹنے کی اطلاع ملتے ہی ڈرائیور نے ٹرین روک دی اور عملے نے باقی بوگیوں کو ٹرین سے منسلک کر کے گاڑی کو روانہ کیا۔
ریلوے ذرائع کے مطابق چلتی ٹرین میں اگر لیور کھل جاتا تو بقیہ بوگیاں حادثے کا شکار ہوسکتی تھی۔
ریلوے ذرائع کے مطابق مینٹیننس نہ ہونے کی وجہ سے بوگیاں اس طرح کے مسائل کا شکار ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق بعد ازاں ٹرین کو روانہ کر دیا جو اب کراچی کی طرف رواں دواں ہے۔
یاد رہے کہ آج ہی نوابشاہ کے قریب کراچی سے حویلیاں جانے والی ہزارہ ایکسپریس کی کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں تھیں جس کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
نواب شاہ کے قریب ایک بج کر 15 منٹ پر ہونے والے حادثے کا شکار ٹرین میں مجموعی طورپر 19 بوگیاں تھیں جس میں سے 10 حادثے کا شکار ہوئیں۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال حادثے کی وجوہات کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا ہے جبکہ ٹرین میں موجود مسافروں کا کہنا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس میں بہت زیادہ مسافر سوار تھے اور ٹرین کا حادثہ اس قدر اچانک ہوا کہ سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا۔