Time 08 اگست ، 2023
کھیل

سرفراز نواز کی ذکا اشرف سے ملاقات، چیئرمین کا سابق کرکٹر کی پینشن بحال کرنے کا اعلان

ملاقات کے دوران ذکا اشرف نےسرفراز نواز کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹرز ویلفیئر پالیسی کے تحت ان کی تمام رکی ہوئی ادائیگیوں کا چیک حوالے کیا/اسکرین گریب
ملاقات کے دوران ذکا اشرف نےسرفراز نواز کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹرز ویلفیئر پالیسی کے تحت ان کی تمام رکی ہوئی ادائیگیوں کا چیک حوالے کیا/اسکرین گریب

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیئرمین ذکا اشرف نے سابق فاسٹ بولر سرفراز  نواز   سے ملاقات کے دوران ان کی پینشن بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کی منجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز سے ملاقات کی، اس موقع پر سابق کپتان مصباح الحق اور محمد حفیظ بھی موجود تھے۔

 نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونے والی یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، ملاقات کا مقصد  جنوری 2017  سے سرفراز نواز کو رکی ہوئی ادائیگیوں کے مسئلے کو حل کرنا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ادا شدہ رقم تقریباً 5 ملین روپے بنتی ہے۔

ملاقات کے دوران  سابق فاسٹ بولرسرفراز نواز  نےذکا اشرف کو چیئرمین منجمنٹ کمیٹی پی سی بی بننے پر  مبارکباد دی۔

سرفراز نواز کی غیر ادا شدہ رقم تقریباً 5 ملین روپے بنتی ہے: ذرائع 

پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے اس موقع پر سرفراز نواز کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹرز ویلفیئر پالیسی کے تحت ان کی تمام رکی ہوئی ادائیگیوں کا چیک حوالے کیا اور انہیں اپنی تمام تر حمایت کا یقین بھی دلایا۔

واضح رہے کہ یہ وہ ادائیگیاں تھیں جو سرفراز نواز کی جانب سے پلیئرز ویلفیئر پالیسی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے باعث ڈسپلنری کارروائی کے تحت روک دی گئی تھیں ۔

سرفراز نواز نے چونکہ اب پاکستان کرکٹ بورڈ کو یقین دلایا ہے کہ وہ ضابطہ اخلاق پر عمل کریں گے لہذا پلیئرز ویلفیئر پالیسی کے تحت وہ ادائگیاں بحال کردی گئی ہیں ۔

ذکا اشرف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ انہیں سرفراز نواز جیسے کرکٹر کو اس حالت میں دیکھ کر افسوس ہوا اور وہ یہ دیکھ کر بہت ڈسٹرب ہوئے کہ سرفراز نواز جیسے کرکٹر کو ان کی پنشن جیسے حق سے محروم رکھا گیا۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ یہ بات انتہائی مایوس کن ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سابقہ انتظامیہ نے پی سی بی کے خزانے کو ذاتی بدلے کے طور پر استعمال کیا،  سرفراز نواز نے جس صورتحال کا سامنا کیا اس طرح کسی بھی کرکٹر نے نہیں کیا ہوگا اور وہ تمام سابق اور موجودہ کرکٹرز کو یقین دلاتے ہیں چاہے وہ ڈومیسٹک کرکٹرز ہوں یا انٹرنیشنل کھلاڑی ، پاکستان کرکٹ بورڈ ان تمام کرکٹرز کو اپنا اثاثہ سمجھتا ہے اور بورڈ ہر قدم پر ان کا خیال رکھے گا، یہ کھلاڑی پیار اور اپنے کرکٹ بورڈ کی جانب سے عزت و احترام کے مستحق ہیں۔

ذرائع کے مطابق  سابق ٹیسٹ کرکٹر نے نوجوان بولرزکو ٹپس دینے کیلئے بھی اپنی خدمات پیش کیں۔

سرفراز نواز کی  پاکستان کیلئے خدمات 

یاد رہے کہ سرفراز نواز نے55 ٹیسٹ اور45 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور بالترتیب 177 اور63 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ان کا آسٹریلیا کے خلاف مارچ 1979 کے میلبرن ٹیسٹ کا یادگار اسپیل کوئی بھی نہیں بھول سکتا جب انہوں نے 33 گیندوں کے اسپیل میں صرف ایک رن دے کر7  وکٹیں حاصل کرڈالی تھیں ،  اس اننگز میں انہوں نے 86 رنز دے کر9 وکٹیں حاصل کی تھیں اور پاکستان کو یادگار جیت سے ہمکنار کیا تھا جو آسٹریلیا میں حاصل کردہ چار ٹیسٹ کامیابیوں میں سے ایک ہے۔

مزید خبریں :