09 اگست ، 2023
کراچی میں قائم متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے قونصل خانے میں پاکستان کے یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں اسپیشل اولمپکس بچوں نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں اسپیشل اولمپکس کی چیئرپرسن رونق علی لاکھانی بھی شریک تھیں جبکہ خصوصی بچوں کو مہمان خصوصی کا درجہ دیا گیا تھا۔
یو اے ای قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے مہمان بچوں کا استقبال کرتے ہوئے پاکستانی حکومت، افواج پاکستان اور عوام کو جشن آزادی کی دلی مبارکباد پیش کی۔
اپنے خطاب میں قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ خصوصی بچے توجہ کے مستحق ہیں یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ یہ اسپیشل بچے کھیلوں میں جیت کر آئے ہیں، میری کوشش ہوگی کہ ان بچوں کو آئندہ بھی تقاریب میں مدعو کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے دیرینہ تعلقات ہیں، یو اے ای میں 17 لاکھ پاکستانی برسر روز گار مقیم ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خصوصی بچوں کی اولمپکس کے حوالے سے سرگرم خاتون رونق علی لاکھانی نے کہا کہ ان بچوں کو جشن آزادی کی خوشیوں میں شریک کرنے کا عمل لائق تحسین ہے، یو اے ای پہلا ملک ہے جس نے ان بچوں کو تقریب میں دعوت دی۔
انہوں نے کہا کہ اس عمل کے ذریعے ان بچوں کے چہرے خوشی سے کھل گئے اور ان کی حوصلہ افزائی ہوئی۔
اماراتی قونصل خانے میں یوم آزادی سے منسوب تقریب میں خصوصی بچوں نے پاکستان کے جشن آزادی کے حوالے سے نغمے بھی گائے۔
قونصل جنرل یو اے ای بخیت عتیق کا کہنا تھا کہ پاکستان کا یوم آزادی مناتے ہوئے مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے میں اپنے وطن متحدہ عرب امارات کی خوشی منا رہا ہوں۔ میری زندگی کے خوبصورت ترین سال پاکستان میں قومی ذمہ داریاں نبھاتے گزرے ہیں، اس ملک باالخصوص شہر کراچی سے مجھے جو محبت اور خلوص ملا ہے وہ میں لفظوں میں بیان نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ "اللہ کریم اس وطن کو تا قیامت سلامت اور آباد رکھے۔"
قونصل جنرل یو اے ای نے مزید کہا کہ آج ہمارے درمیان پاکستان کے وہ درخشاں ستارے بھی موجود ہیں جو اولمپک کے میدان میں دنیا بھر کے سامنے پاکستان کا نام روشن کرکے آئے ہیں۔ میں پوری پاکستانی قوم کی طرف سے ان ستاروں کا خیر مقدم کرتا ہوں اور ان کی کامیابیوں پر انہیں مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات کے تناظر میں، میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ‘‘ اس وقت پاکستان سیاسی و معاشی لحاظ سے انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے ، وقت کا تقاضہ ہے کہ پوری قوم اندرونی و بیرونی دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے صرف اور صرف پاکستان کیلئے ایک ہو جائیں اور اس وطن کو مضبوط کریں۔’’
بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ میں پاکستان کی آزادی اور بقا کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے لاکھوں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے، متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کی جانب سے اپنے برادر ملک پاکستان اور پوری پاکستانی قوم کو یوم آزادی کے موقع پر دلی مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ بانی متحدہ عرب امارات شیخ زید بن سلطان النہیان کی محبت سے شروع ہونے والا پاک یو اے ای دوستی کا یہ مقدّس رشتہ تاقیامت سلامت اور ہر گزرتے لمحے مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جائے۔