پاکستان

نگران سیٹ اپ سے قبل سندھ حکومت کی اربوں روپے فنڈز جاری کرنے کی تیاریاں

ایس ایس ڈبلیو ایم بی کیلئے 4 ارب سے زائد رقم کی منظوری کی سمری سیکرٹری بلدیات کو ارصال کی گئی ہے— فوٹو: فائل
ایس ایس ڈبلیو ایم بی کیلئے 4 ارب سے زائد رقم کی منظوری کی سمری سیکرٹری بلدیات کو ارصال کی گئی ہے— فوٹو: فائل

سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ (ایس ایس ڈبلیو ایم بی) نے اسمبلی کی تحلیل اور نگران سیٹ اپ سے قبل سندھ حکومت کو صوبے میں اربوں روپے کے فنڈز جاری کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر سمری روانہ کردی۔

ذرائع کے مطابق ایس ایس ڈبلیو ایم بی کیلئے 4 ارب سے زائد رقم کی منظوری کی سمری سیکرٹری بلدیات کو ارصال کی گئی ہے، فنڈز کی فوری منظوری کے بعد رقم سیکرٹری خزانہ جاری کریں گے۔

ذرائع کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر ایس ایس ڈبلیو ایم بی نے پہلی سہہ ماہی کیلئے فوری طور پر 4 ارب 50 کروڑ روپے جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔

سمری کی دستیاب کاپی میں تحریر ہے کہ سندھ بھر میں صفائی کا کام بلا تعطل جاری رکھنے کیلئے رقم فوری طور پر درکار ہے، رواں سال جون تک مجموعی طور 2 ارب 11 کروڑ سے زائد اخراجات ہوئے، صرف کراچی میں صفائی ستھرائی پر 1 ارب 70 کروڑ سے زائد کے اخراجات ہوئے۔

ذرائع کے مطابق ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے پر تعیناتی کے خلاف معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے، اس کے باوجود ایم ڈی کا رقم کیلئے سمری ارصال کرنا حیران کن عمل ہے۔

معاملے پر مؤقف لینے کیلئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نجم شاہ اور سیکرٹری خزانہ ساجد ابڑو کو واٹس ایپ پر پیغام بھیجا گیا مگر انہوں نے مؤقف دینے سے گریز کیا ہے۔

مزید خبریں :