10 اگست ، 2023
کراچی کے علاقے ناگن چورنگی کے قریب رینٹ تشدد سے نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ سر سید تھانے میں درج کرلیا گیا ۔
ناگن چورنگی کے قریب 22 سالہ نوجوان بااثر افراد کی جانب سے تشدد کا نشانہ بننے کے بعد جاں بحق ہوگیا تھا سوشل میڈیا پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔
تاہم اب نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ مقتول کی ہمشیرہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں اغوا کے بعد قتل کرنے کی دفعات شامل ہیں۔
مدعیہ کے مطابق انہیں اطلاع ملی کہ ان کے بھائی عدیل کی لاش اے آر رینٹ کار میں موجود ہے، جب وہ اپنے شوہر اور بہنوں کے ہمراہ پہنچی تو وہاں بھائی کی تشدد زدہ لاش موجود تھی۔
ایف آئی آر میں خاتون کا کہنا ہے کہ بھائی پر بہیمانہ تشدد کیا گیا، ہاتھوں اور پیروں کی انگلیاں توڑ دی گئیں۔
مدعیہ کے مطابق ان کے بھائی عدیل کو ملزمان علی نواز ، عمار، حسنان ، سفیر اور دیگر افراد نے کسی تنازعے پر اغوا کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے ان کے بھائی کو تشدد کا نشانہ بنایا اور قتل کردیا۔
مقدمے کے مطابق تشدد کرنے والے افراد کو ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے، پولیس نے 2 مرکزی ملزمان علی نواز ، محمد عمار کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے پولیس کا مزید کہنا ہے کہ نوجوان پر 16 لاکھ روپے مالیت کے سامان کی چوری کے الزام پر ڈنڈوں سے تشدد کیا گیا۔
مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد اہل خانہ کےحوالےکردی گئی، مقتول دو بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، نشےکا عادی ہونےکی وجہ سے اہلخانہ نے بھی نوجوان سے قطع تعلق کر رکھا تھا۔