31 اگست ، 2023
ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں نیپال کے خلاف شاندار سنچری اسکور کرنے والے پاکستانی بیٹر افتخار احمد کا کہنا ہے کہ ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری کرنے پر بہت خوش ہوں۔
بدھ کو ایشیا کپ 2023 کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیپال کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 238 رنز سے شکست دے دی۔
ملتان میں کھیلےگئے ایشیا کپ کے پہلے میچ پاکستان نے نیپال کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
قومی ٹیم نےکپتان بابر اعظم اور افتخار احمد کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیپال کو 343 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔
بابر اعظم نے نیپال کے خلاف ون ڈے کیریئر کی 19 ویں سنچری اسکور کی اور 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ افتخار احمد 71 گیندوں پر 109 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔
جواب میں مہمان ٹیم 24 ویں اوور میں 104 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے افتخار احمد نے کہا کہ نمبر 6 پر سنچری کرنا مشکل ہوتا ہے، ون ڈے کی پہلی سنچری پر بہت خوش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں جیت کے سلسلے کو برقرار رکھیں گے، ایمانداری کے ساتھ کھیلیں گے اور اپنا 100 فیصد دیں گے۔
نیپال کے خلاف کپتان بابر کے ساتھ بیٹنگ کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے افتخار احمد نے کہا کہ پِچ پر چاچا بھتیجا نے ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ بابر ،رضوان ،امام ،فخر میچ کو بہت ڈیپ لے کر جاتے ہیں، میرا نمبر عموماً 40 اوور کے بعد آتا ہے، آج جلدی بیٹنگ آئی ،زیادہ اوور ملے تو سنچری ہوگئی۔
افتخار احمد کا مزید کہنا تھا کہ جیسے میچ کی صورتحال ہوتی ہے اس کے مطابق کھیلتا ہوں، نیپال کی ٹیم اچھی ہے، جب ہی وہ ایشیا کپ کھیل رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹر افتخار احمد 'چاچا' کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں۔
ماضی میں افتخار احمد نے خود انکشاف کیا تھا کہ بابر اعظم نے ایک بار زمبابوے کے دورے پر مجھے چاچائے کرکٹ کہا جو اسٹمپ مائیک میں سب نے سنا، بابر اعظم نے میرے کہنے پر فیلڈنگ تبدیل کی اور اس پر وکٹ مل گئی تھی، بابر نے کہا کہ آپ چاچائے کرکٹ ہو،جب میچ ختم ہوا تو ہر طرف چاچا کرکٹ کی آواز آرہی تھی، مجھے سمجھ نہیں آیا کہ کیا ہوا، مجھے میرے دوست نے بتایا کہ مائیک پر سب نے سنا ہے۔