05 ستمبر ، 2023
کراچی: گلشن حدید میں خواتین ٹیچر کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے والے اسکول پرنسپل نے دورانِ تفتیش پولیس کو ابتدائی بیان ریکارڈ کرادیا۔
پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ اسں نے اسکول دسمبر میں ایک لاکھ روپے ماہانہ کرائے پر لیا تھا، اسکول میں 10 خواتین اور 5 مرد اساتذہ کام کرتے ہیں جب کہ 250 طلبہ اسکول میں اس وقت زیر تعلیم ہیں۔
پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ اسٹیل ٹاؤن میں درج ہے اور ایف آئی آر میں جنسی ہراساں کرنے، دھمکانے اور بلیک میلنگ کی دفعات بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم خواتین ٹیچرز کو نوکری کا جھانسہ دینے کے بدلے زیادتی کا نشانہ بناتا تھا اور خواتین کی ویڈیو بناکر انہیں بلیک میل بھی کرتا تھا۔
پولیس نے کہا کہ اسکول نہیں صرف دفتر کو سیل کیا گیا ہے، ملزم کے ریمانڈ کے بعد دفتر کا فارنزک بھی کروایا جائے گا جس کے بعد مزید شواہد حاصل ہونے کا امکان ہے جب کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ڈی وی آر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔