16 جنوری ، 2013
اسلام آباد … آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ پر واضح کردیا کہ رواں مالی سال ٹیکس آمدنی کا نظر ثانی شدہ ہدف بھی حاصل ہونا ناممکن نظر آتا ہے۔ وزارت خزانہ نے ابتدائی طور پر مالی سال 2013ء کیلئے 2 ہزار 381ارب روپے کا ہدف رکھا جسے کم کرکے 2 ہزار 190 ارب روپے کردیا گیا تھا مگر اب آئی ایم ایف کے مطابق یہ بھی پورا ہونا مشکل ہے۔ اسلام آباد میں جاری بات چیت میں آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ کو بتا یا کہ رواں مالی سال پاکستان میں معاشی ترقی 3.5 فیصد جبکہ مالی خسارہ 7 فیصد تک رہ سکتا ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق توانائی کے شعبے میں بھاری سبسڈی سے معیشت متاثر ہورہی ہے۔ دوسری جانب وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ وہ ٹیکس آمدنی کا نیا ہدف پورا ہونے کے بارے میں پر امید ہے ۔