19 جنوری ، 2013
اسلام آباد … پاکستان میں امریکا کے سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کا احترام کرتا ہے، شدت پسندوں کے ٹھکانے تباہ کرکے پاکستانی سرحدیں محفوظ بنانا چاہتے ہیں، امریکا پاکستان میں توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے کئی ہائیڈرو الیکٹرک منصوبوں میں معاونت کررہاہے اور دونوں ملک برابری اور مشترکہ مفادات کے اصول کے تحت باہمی تعلقات کو مضبوط بنارہے ہیں۔ اسلام آباد میں پاک امریکا تعلقات پر تقریب سے خطاب میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہاکہ پاکستان کو ملٹری اور سیکیورٹی کی تربیت و جدید آلات کی فراہمی جاری ہے۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا مشترکہ حکمت عملی سے چیلنجز سے نمٹنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ملک باہمی اعتماد سازی کے ذریعے اپنی اقوام کا مستقبل سنہری بنانا چاہتے ہیں۔ امریکی سفیر نے کہاکہ افغانستان کا امن امریکا کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے،پاکستان کا افغانستان کی تعمیر نو اور ترقی میں اہم کردار ہوگا۔ امریکی سفیر نے کہاکہ پاکستان کے توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے کئی ہائیڈرو الیکٹرک منصوبوں میں سرمایہ کاری کررہے ہیں، امید ہے کہ ان منصوبوں سے 2013ء تک سسٹم میں 900 میگا واٹ بجلی شامل ہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ڈرون حملے شدت پسندوں پر کئے جاتے ہیں اور شدت پسندوں کے ٹھکانے ختم کرکے پاکستان کی سرحدوں کو محفوظ بنانا مقصد ہے۔ امریکی سفیر نے کہاکہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ روکنے کا مقصد ایران کو مذاکرات کی میز پر لاناہے، منصوبہ روک کر پاکستان کو قربانی کا بکرا نہیں بنارہے بلکہ ایران کے ایٹمی پروگرام پر اقوام عالم کو تشویش ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر تشویش ہے اور اس معاملے پر بھارت میں امریکی سفیر سے صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالے سے رابطے میں ہیں۔