25 جنوری ، 2013
پشاور … خیبر پختونخوا حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے درخواست کی ہے کہ خیبر پختونخوا کو نئی بھرتیوں پر پابندی کے حکم سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ خیبر پختونخوا کے وزیر صحت خیبر پختونخوا سید ظاہر علی شاہ نے پشاور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھرتی پر پاپندی سے صوبے میں 1200 ڈاکٹرز کی بھرتی کا معاملہ تاخیر کا شکار ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کی بھرتی میں تاخیر کا منفی اثر براہ راست عوام پر پڑے گا، اس لئے وہ الیکشن کمیشن سے خیبر پختونخوا کو مستثنیٰ قرار دینے کی درخواست کرتے ہیں۔ سید ظاہر شاہ کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں 22 ارب روپے کے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ صوبے میں ہیپاٹائٹس کے ڈیڑھ لاکھ مریضوں کیلئے تمام ادویات اسپتالوں میں دستیاب ہیں۔