25 جنوری ، 2013
میلبرن … آسٹریلن اوپن ٹینس سے سابق چیمپئن راجر فیڈرر کی چھٹی ہو گئی، برطانیہ کے اینڈی مرے نے سوئس اسٹار کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی اور فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ گرینڈ سلیم ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں اینڈی مرے ابتداء سے ہی چھائے رہے، مسلسل دسویں مرتبہ سیمی فائنل کھیلنے والے فیڈرر پہلے سیٹ میں 4 گیمز ہی جیت سکے۔ دوسر ے سیٹ میں فیڈرر نے کچھ اپنی کلاس دکھائی اور ٹائی بریکر پر مقابلہ برابر کر دیا۔ مرے نے تیسرا سیٹ جیت کر پھر برتری حاصل کرلی لیکن فیڈرر نے بھی ہمت نہ ہاری چوتھا سیٹ ٹائی بریکر پر جیت کر مقابلہ 2۔ 2 سے برابر کرلیا۔ پانچویں اور فیصلہ کن سیٹ میں اینڈی مرے نے فیڈرر کی ایک نہ چلنے دی اور 6-2 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنا لی ، جہاں ان کا مقابلہ عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ سے ہوگا۔