دنیا
Time 04 مارچ ، 2024

غزہ: 11 سال بعد پیدا ہونیوالے جڑواں بچے اسرائیلی بمباری سے شہید

ہماری کیا غلطی تھی؟اب میں کس طرح مزید زندہ رہ سکتی ہوں؟ مجھے ماں کون کہہ کر پکارے گا؟ والدہ کی گفتگو—فوٹو: رائٹرز
ہماری کیا غلطی تھی؟اب میں کس طرح مزید زندہ رہ سکتی ہوں؟ مجھے ماں کون کہہ کر پکارے گا؟ والدہ کی گفتگو—فوٹو: رائٹرز

غزہ میں چند ہفتے قبل پیدا ہونے والے جڑواں بچے وسام اور نعیم ابو عنزہ بھی اسرائیلی بمباری کے دوران اپنے خاندان کے 12 دیگر افراد کے ساتھ شہید ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جڑواں بچوں کو اتوار کے روز سپرد خاک کیا گیا، اس خاندان کے 14افراد رفح میں گھر پر اسرائیلی حملے کے دوران لقمہ اجل بنے ، جڑواں بچوں کی والدہ جن کے ہاں شادی کے 11برس بعد پہلی بار بچوں کی پیدائش ہوئی غم سے نڈھال ہیں۔

والدہ رانیہ کا کہنا ہے کہ ہماری کیا غلطی تھی؟اب میں کس طرح مزید زندہ رہ سکتی ہوں؟ مجھے ماں کون کہہ کر پکارے گا؟

جڑواں بچوں کی والدہ رانیہ نے تدفین کے موقع پر اپنے ایک بچے کی میت گود میں اٹھائی ہوئی تھی جسے اپنی ٹھوڑی کے ساتھ لگا رکھا تھا اور اپنے بچے کے سر پر پیار کررہی تھیں۔

فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز

دوسرے بچے کی میت ایک اور غم زدہ شخص نے اٹھا رکھی تھی، رانیہ ابو عنزہ نے روتے ہوئے بتایا کہ میرا دل ٹوٹ کر رہ گیا ہے، اس حملے میں رانیہ کا شوہر بھی شہید ہوگیا تھا۔

اس دوران غم سے نڈھال دیگر افراد انہیں دلاسہ دے رہے تھے جب کہ غمزدہ والدہ کا کہنا تھا کہ میری بچی کو میرے ساتھ رہنے دو۔

خیال رہے کہ غزہ میں غذا کا شدید بحران ہے اور غزہ کی 23 لاکھ کی آبادی قحط کے خطرے سے دوچار ہے۔


مزید خبریں :