09 اپریل ، 2024
اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک انسانوں کو مریخ پر بسانا چاہتے ہیں مگر ہمارے علاوہ کائنات میں کسی اور خلائی تہذیب کی موجودگی کے بارے میں وہ کیا سوچتے ہیں؟
ایلون مسک کا ماننا ہے کہ کانات میں ہم اکیلے ہی ہیں کیونکہ کسی خلائی یا ایلین تہذیب کی موجودگی کے کوئی شواہد اب تک نہیں ملے۔
گزشتہ دنوں اسپیس ایکس کے ایک ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے ایلون مسک نے اس بارے میں بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ایلینز کی موجودگی کے ٹھوس شواہد اب تک دیکھنے میں نہیں آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'میں نے ایسے کوئی شواہد نہیں دیکھے جن سے معلوم ہوتا ہو کہ ایلینز زمین پر موجود ہیں، میرا تو خیال ہے کہ ممکنہ طور پر ہم کائنات میں تنہا ہیں'۔
اس موقع پر انہوں نے انسانوں کو زمین سے باہر دیگر مقامات پر بسانے کے منصوبوں پر بھی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ وہ 20 برسوں میں مریخ پر ایک شہر تعمیر کریں گے اور اسٹار شپ اس حوالے سے اہم کردار ادا کرے گا۔
خیال رہے کہ اسٹار شپ کو دنیا کا سب سے طاقتور راکٹ قرار دیا جاتا ہے جو 2 حصوں پر مشتمل ہے۔
ایک سپر ہیوی بوسٹر ہے جو ایسا بڑا راکٹ ہے جس میں 33 انجن موجود ہیں جبکہ دوسرا اسٹار شپ اسپیس کرافٹ ہے جو بوسٹر کے اوپر موجود ہے جو اس سے الگ ہو جاتا ہے۔
یہ راکٹ 120 میٹر لمبا ہے جس کا وزن 50 لاکھ کلوگرام ہے اور اسے بار بار استعمال کرنا ممکن ہوگا۔
اسٹار شپ کی اب تک 3 آزمائشی پروازیں ناکام ہوچکی ہیں اور کمپنی کی جانب سے مئی میں چوتھی پرواز کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ایلون مسک نے بتایا کہ مریخ پر ایک مستحکم شہر کے لیے 10 لاکھ افراد اور لاکھوں ٹن سامان کی ضرورت ہوگی، جس کے لیے مستقبل قریب میں ہر 2 سال کے دوران ہزاروں اسٹار شپ زمین سے مریخ کے لیے روانہ ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تیسری جنگ عظیم سے قبل مریخ پر انسانوں کو پہنچنا ضروری ہے۔