10 مئی ، 2024
سابق قومی اولمپئنز نے اذ لان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ فائنل کے لیے پاکستان ٹیم کو فیورٹ قرار دے دیا۔
پاکستان اور جاپان کی ہاکی ٹیموں کے درمیان 30ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل ہفتہ 11مئی کو ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ میں اس سے قبل دونوں ٹیموں کےدرمیان کھیلا گیا لیگ میچ ایک ایک گول سے برابری پر ختم ہوا تھا۔
عالمی درجہ بندی میں پاکستان کا 15 واں اور جاپان کا 16 واں نمبر ہے۔
پاکستان بمقابلہ جاپان فائنل پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپئن اصلاح الدین صدیقی نےکہا ہے کہ خوش آئند بات ہے کہ پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ان کو لگتا ہے کہ پاکستان فائنل میں ایک کے مقابلے میں دو یا پھر تین گول سے جیت سکتا ہے۔انہوں نے ٹیم کو مشورہ دیا کہ دباؤ لینے کی قطعی کوئی ضرورت نہیں۔
دوسری جانب اولمپئن قمر ابراہیم نے کہا کہ پاکستان ٹیم عالمی درجہ بندی میں جاپان سے آگے ہے، اور یہ بات پاکستان ٹیم کے لیے حوصلہ افزاء ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاپان کے خلاف فائنل سے قبل قومی ٹیم نے بہترین ہاکی کھیلی، اور انہیں لگتا ہے کہ فائنل میں جاپان کے خلاف قومی ہاکی ٹیم جیت کے لیے فیورٹ ہے ۔