13 مئی ، 2024
کراچی میں ڈیفنس کے علاقے خیابان بخاری میں بنگلے کے اندر سے نوعمر ملازمہ 16 سالہ فاریہ کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی ہے، پولیس نے معاملے کو مشکوک قرار دیکر لاش پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق بنگلے کے مالک نے ابتدائی بیان میں معاملے کو خودکشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دوپہر کو اپنی فیملی کے ہمراہ باہر گئے ہوئے تھے، واپس آئے تو فاریہ کی لاش کو پنکھے سے لٹکتے ہوئے دیکھا۔
پولیس حکام نے بتایا بنگلے کے مالک نے واقعے کو خودکشی قرار دیا ہے لیکن حالات و واقعات انتہائی مشتبہ ہیں اور بظاہر یہ واقعہ خودکشی معلوم نہیں ہوتا، پنکھے کے پر سے کپڑا لٹکا ہوا تھا جس سے پورا واقعہ مشکوک معلوم ہوتا ہے۔
پولیس کے مطابق فاریہ تقریباً ایک سال سے اسی بنگلے پر ملازمت کر رہی تھی، واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، لاش کے پوسٹ مارٹم کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔