16 جون ، 2024
بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر لکھنؤ میں تھوک لگا کر شہری کا مساج کرنے پر حجام کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لکھنؤ میں شہری کی شکایت پر پولیس نے حجام کو گرفتار کیا۔
رپورٹس کے مطابق پنڈت اشیش کمار نامی شہری 11 جون کو حجام کے پاس گیا اور مساج کے دوران حجام پانی کے بجائے اپنے ہاتھ میں تھوک کر شہری کے چہرے پر ملتا رہا۔
اس دوران شہری حجام کی حرکت سے ناواقف رہا تاہم چند روز بعد احساس ہونے پر دکان کی سی سی ٹی وی چیک کی تو معاملہ ہی الگ نکلا۔
سی سی ٹی وی میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حجام مساج کے دوران مسلسل اپنے ہاتھ پر تھوک کر شہری کے چہرے پر ملتا رہا۔
سی سی ٹی وی دیکھنے کے بعد شہری تھانے پہنچ گیا اور مقدمہ درج کرایا جس پر پولیس نے حجام کو گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔