27 فروری ، 2012
شیخوپورہ … تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ اقتدار میں آکر بڑے مگرمچھوں کا احتساب کرکے دکھائیں گے، آصف زرداری اور نواز شریف اپنی باریاں لینے کے لئے نورا کشتی کررہے ہیں۔ عمران خان رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں ضلع شیخوپورہ کے مختلف دیہات اور قصبات میں عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام پرانی سیاسی شکلوں سے تنگ آ چکے ہیں اب سارے اکٹھے ہوجائیں تو بھی ان کا راستہ نہیں روک سکیں گے، نورا کشتی کے سب سے بڑے پہلوان نواز شریف ہیں جو پہلے گو زرداری گو کے نعرے لگاتے ہیں اور پھر تیتروں کے ناشتے پر زرداری کے ساتھ اکٹھے ہو جاتے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے آپس میں مک مکا کر کے 20 ویں ترمیم پاس کروائی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آکر 90 دن میں بلدیاتی الیکشن کروائیں گے، تعلیم اور بنیادی صحت براہ راست عوام کے تحت کر دیں گے۔