26 جون ، 2024
لاڑکانہ کے باڈہ تھانے میں ایس ایچ او کے بیٹے نے اپنی عدالت لگا کر اپنے والد کے تھانے میں کالج کے دو طالب علموں کو لاک اپ میں بند کرکے شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
لاک اپ میں طلبا پر تشدد کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ڈی آئی جی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او باڈہ رحمت اللہ سولنگی اور چار اہلکاروں کو معطل کرکے ایس ایس پی کو تحقیقات کا حکم دیدیا۔
پولیس کے مطابق باڈہ تھانے کی حدود میں ایس ایچ او رحمت اللہ سولنگی کا بیٹا نوید عرف راجہ سولنگی گزشتہ رات پولیس اہلکاروں کے ہمراہ ناکہ لگا کر کھڑا تھا، اس دوران شادی کی تقریب سے واپسی پر یاسر اور مزمل نامی طالبعلموں کو روکا گیا۔
پولیس کے مطابق بعد میں دونوں طلبا کو باڈہ تھانے کے لاک اپ منتقل کرکے ان پر تشدد کیا گیا، طالبعلموں کے والدین کے احتجاج پر ایس ایچ او نے تھانے پہنچ کر دونوں طالبعلموں کو رہا کیا۔