27 فروری ، 2012
کراچی … ٹرانسپورٹرز اور گھی مل مالکان کی لڑائی میں تیل عوام کا نکل رہا ہے، کمپنیوں کی جانب سے گھی و تیل کی رسد بند ہونے سے گزشتہ 9 روز کے دوران کراچی میں کھلے گھی کی فی کلو قیمت 160 سے بڑھ کر 185 روپے کی سطح پر آگئی جبکہ لاہور میں اس کی قیمت 180 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ کراچی ریٹیل گروسرز گروپ کے جنرل سیکریٹری فرید قریشی کے مطابق گھی و تیل کی فیکٹریاں بند ہوئے ایک ہفتے سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے اور رسد نہ ہونے کے باعث منافع خور ی بھی شروع ہوچکی ہے، حکومت معاملے کا جلد حل تلاش کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریٹیل سطح پر کراچی میں گھی و تیل کا 2 روز کا ذخیرہ رہ گیا ہے اور آئندہ ماہ کے آغاز پر تنخواہیں ملنے کے بعد راشن کی ماہانہ خریداری کے باعث یکدم طلب میں اضا فے کا خدشہ ہے۔ کراچی کے علاوہ لاہور میں بھی تیل و گھی کی رسد نہ ہونے سے قیمتوں میں اضافے کا رحجان دیکھا جارہا ہے۔ گھی کی قلت پیدا ہو نے کے ساتھ ساتھ ، برانڈڈ گھی نایاب جبکہ کھلا گھی 180 روپے فی کلو میں عوام خریدنے پر مجبور ہیں۔