27 فروری ، 2012
ٹنڈو محمد خان … ٹنڈو محمد خان میں ضمنی انتخاب کے دوران خواتین انتخابی عملے پر تشددکرنے والی وحیدہ شاہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ٹنڈو محمد خان میں ضمنی انتخاب کے دوران حلقہ پی ایس 53سے پیپلز پارٹی کی کامیاب امیدوار وحیدہ شاہ نے پولیس انتخابی عملے کو پولنگ کے دوران تشدد کانشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے پولیس اہلکار کی موجودگی میں اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر اور عملے کی ایک خاتون رکن کو مکا اور تھپڑ مارے۔ صوبائی الیکشن کمشنر کی ہدایت پر ریٹرننگ آفیسر علی اصغر سیال مقدمے کے اندراج کیلئے ٹنڈو محمد خان تھانہ پہنچے اور قانونی کارروائی کے بعد وحیدہ شاہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمہ دفعہ 86/3 b کے تحت درج کیا گیا جس میں سرکاری امور میں مداخلت کاالزام ہے۔ ملزمہ کوتین ماہ کی قید بھی ہوسکتی ہے۔