18 جولائی ، 2024
سیئول: جنوبی کوریا نے طوفانی بارشوں کے بعد سینٹرل ریجن کے شہریوں کو انخلا کا حکم دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا میں جمعرات کو 300 ملی میٹر بارش کے بعد حکام نے سینٹرل ریجن میں دریاؤں کے قریب موجود آبادیوں کو انخلا کا حکم دیا ہے جب کہ دارالحکومت سیئول کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی شدید بارشوں سے متعلق وارننگز جاری کردی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث دارالحکومت سیئول میں واقع انچن انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے 24 پروازیں معطل کردی گئی ہیں اور ٹرین سروس میں بھی خلل آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی کورین حکام شمالی کوریا سے بہنے والے دریاؤں کے بہاؤ میں اچانک اضافے پر بھی نظر رکھتے ہوئے ہیں اور اس بات کا مشاہدہ کررہے ہیں کہ کہیں شمالی کوریا کی جانب سے دریا کے قریب بارودی سرنگیں نہ بچھائی گئی ہوں جودریا کے بھاؤ کے ساتھ بہہ کر آجائیں۔