29 جولائی ، 2024
پاکستانی اداکارہ آمنہ شیخ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی بیٹی اور اس کے کیرئیر کیلئے شوبز سے دوری کا فیصلہ کیا۔
اداکارہ حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئیں جس دوران انہوں نے پاکستان سے دبئی منتقل ہونے اور بچوں کی خاطر شوبز سے بریک لینے سے متعلق گفتگو کی۔
شادی اور بچوں کے بعد کیرئیر میں آنے والے چیلنجز سے متعلق آمنہ شیخ نے بتایا کہ پہلی بیٹی کی پیدائش کے بعد میں نے جب پہلا ڈرامہ کیا تو بیٹی میرے ساتھ ہر سیٹ پر جاتی تھی، میں سین کروانے کے بعد بچی کے پاس آجاتی تھی، اس دوران میں آرام بھی نہیں لے پاتی تھی، مجھے محسوس ہورہا تھا میں ایک طرح سے ڈبل شفٹ کررہی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد بچی کی اسکولنگ اور روٹین میری پہلی ترجیح تھے، اب مجھے کسی ایک چیز کو منتخب کرنا تھا، میری بیٹی اور اس کا کیرئیر یا پھر میرا شوبز کیلئے جنون اور میں نے اپنی بیٹی کا انتخاب کیا، یہی وجہ ہے کہ میں نے اپنی بیٹی کی خاطر شوبز سے دوری اختیار کرلی، بچوں اور اپنی زندگی پر توجہ دی، اس دوران میرے والدین کی سپورٹ اور سیونگز نے مجھے معاشی طور پر مسائل کا شکار نہیں ہونے دیا۔
آمنہ شیخ نے بتایا کہ دبئی منتقل ہونے ، نئی زندگی کا آغاز اور دوبارہ خاندان بنانے کا فیصلہ سمجھداری سے کیا اور ان فیصلوں میں خوش قسمت رہی، اس کے بعد دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی اور میری ساری توجہ میرے بچوں اور گھر پر رہی۔
اس سے قبل اداکارہ نے اپنے ایک انٹرویو میں یہ بھی بتایا تھاکہ کام اور جنون تو پاکستان میں ہے، ایک بار پھر فیلڈ کی طرف آنے کا فیصلہ کیا ہے تو جلد ہی میرا کام بھی عوام کے سامنے آئے گا۔
خیال رہے کہ اداکارہ آمنہ شیخ اور اداکار محب مرزا کی اکتوبر 2019 میں شادی کے 14 سال بعد طلاق ہوگئی تھی، دونوں ستارے 2005 میں رشتہ ازدواج میں بندھے تھے اور دونوں کی ایک بیٹی میسا بھی ہے۔
اداکارہ نے 2020 میں عمر فاروقی سے دوسری شادی کی تھی جس کے بعد وہ دبئی منتقل ہوگئی تھی، عمر فاروقی سے اداکارہ کا ایک بیٹا بھی ہے۔