08 اگست ، 2024
پاکستان نمبر ٹو جیولین تھرور محمد یاسر کا کہنا ہے کہ اولمپک میڈل وہی جیتے گا جو دباؤ برادشت کرے گا۔
ایشین تھروئنگ چیمپئن شپ کے سلور میڈلسٹ محمد یاسر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ ارشد ندیم بڑے اعتماد اور ردہم میں دکھائی دے رہے ہیں، کوالیفائنگ راؤنڈ میں 86 میٹر سے زائد پہلی تھرو کرنا ان کے اعتماد کا ثبوت ہے کیونکہ اس سے پہلے ان کی پہلی تھرو اتنی نہیں ہوتی تھی۔
محمد یاسر نے کہا کہ فائنل میں مقابلہ سخت ہوگا، ٹاپ جیولین تھرور میدان میں ہیں، نیرج چوپڑا اور دیگر جیولین تھرور بھی فارم میں ہیں ان کی تھروز بھی بہت اچھی رہی ہیں۔
سلور میڈلسٹ کا کہنا تھا کہ اولمپکس کے لیے ارشد ندیم نے بھرپور ٹریننگ کی ہے، امید ہے پرسنل بیسٹ کرکے گولڈ میڈل لائیں گے لیکن اس کے لیے دیکھنا یہ ہو گا کہ ارشد ندیم پریشر کیسے برداشت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فائنل کا اپنا پریشر ہوتا ہے اس لیے جو فائنل کا پریشر برداشت کرے گا وہی کامیاب ہو گا، ارشد کو تگڑے مائنڈ کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔
محمد یاسر کا کہنا تھاکہ کئی دہائیوں سے اولمپک میڈل نہیں آیا، اب پاکستان کے لیے ارشد ندیم اولمپک میڈل جیت سکتے ہیں، میڈل آنے سے ایتھلیٹکس کو مزید فروغ ملے گا اور نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے ۔
واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کا فائنل آج ہوگا جس میں پاکستان کے ارشد ندیم سمیت 12 ایتھلیٹس ایکشن میں ہوں گے۔