26 اگست ، 2024
راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلادیش کے ہاتھوں 10 وکٹوں سے شکست کے بعد قومی ٹیم منیجمنٹ بولرز کی پرفارمنس سے ناخوش ہے اور فاسٹ بولرز کی گرتی پیس پر تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیسٹ کے بعد کپتان، سینئر کھلاڑیوں اور کوچز کے درمیان فاسٹ بولرز کی پرفارمنس پر بات چیت ہوئی۔ اس دوران کہا گیا کہ بیٹرز نے پہلی اننگز میں میچ سیٹ کردیا تھا، ڈیکلریشن کے بعد پچ پر فاسٹ بولرز کی مدد کے لیےگھاس موجود تھی، فاسٹ بولرز پچ پرگھاس کا فائدہ نہیں اٹھاسکے، ہمارےفاسٹ بولرز کی پیس بھی کم تھی۔
ٹیم منیجمنٹ اور سینئرکھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ہمارے فاسٹ بولرز کی گیند وکٹ کیپر تک نہیں پہنچ رہی تھی، ہمارے فاسٹ بولرز دوسری نئی گیندکا بھی فائدہ نہ اٹھاسکے جب کہ بنگلادیش کے فاسٹ بولرز کی ہمارے فاسٹ بولرز سے زیادہ پیس تھی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اسپنر ابرار احمد اور فاسٹ بولر میرحمزہ کا دوسرا ٹیسٹ کھیلنےکے قوی امکانات ہیں۔