Time 26 اگست ، 2024
کھیل

میرے پاس جادو کی چھڑی نہیں، جاؤں گا تو کرکٹ کے معاملات ٹھیک کرکے جاؤں گا: محسن نقوی

میرے پاس جادو کی چھڑی نہیں، جاؤں گا تو کرکٹ کے معاملات ٹھیک کرکے جاؤں گا: محسن نقوی
ٹیم کی پرفارمنس اچھی نہیں، فکس کرکے جاؤں گا،محسن نقوی،فوٹو: پی سی بی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کا کہنا ہےکہ میرے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں، میں جاؤں گا تو کرکٹ کے معاملات ٹھیک کرکے جاؤں گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے سب معاملات کو ٹھیک کرکے جاؤں گا، خرابی کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ٹیم کی پرفارمنس اچھی نہیں، فکس کرکے جاؤں گا۔

چیئرمین  پی سی بی کا کہنا تھا کہ مجھے آئے ہوئے پانچ سات ماہ ہوئے ہیں، میرے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں، وقار  یونس  نے مینٹورز کے حوالے سے مددکی،  وہ تین چار  ہفتے ایڈوائزر  رہے، انہوں نے معاونت کی، وقاریونس نے ہی ایک ٹیم سنبھالنی تھی، اب  وہ باقاعدہ  طور  پر ٹیم سنبھالیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ  سرجری کی بات کرتے ہیں اسی لیے یہ کام کر رہے ہیں، لوگ  چاہتے کہ 4،5 کےگلےکاٹ دوں، ایسا نہیں ہوتا، پہلے پول بننے دیں، بیک اپ ہوگا تو  پھر سرجری بھی ہوگی۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ  بنگلادیش  سے شکست  بہت  مایوس کن ہے، چیمپئنز کپ ستمبر کے آخر میں مکمل ہوگا  تو  پرفارمنس  والے آگے آجائیں گے، سلیکشن کمیٹی نے17 کھلاڑی دیے،کھلانا کوچ اور کپتان کا فیصلہ ہوگا۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے حوالے سے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پچ کی رپورٹ مانگی ہے وہ کل تک مل جائےگی،کچھ فیصلوں پر انگلی اٹھائی گئی ہے، شکست پر افسوس ہوا، کراچی ٹیسٹ کا فیصلہ  میں  نے نہیں کیا تھا، فیصلہ  پہلے سے ہوچکا تھا، چیمپئنز کپ ایک ہفتے آگے  لے جانا یو ٹرن نہیں، سینٹرل کنٹریکٹ اگلے چند روز میں اعلان کر دیا جائےگا۔

بلوچستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ  اب کوئی صورت نہیں  ہےکہ دہشت گرد کو ناراض بلوچ کہا جائے، بلوچستان میں دہشت گرد حملے ایک دم سے نہیں ، پلاننگ سے کیےگئے، دہشتگرد حملوں کا بھرپور طریقے سے جواب دیں گے۔

مزید خبریں :