Time 14 ستمبر ، 2024
دنیا

طوفان یاگی سے تباہی، میانمار کے آرمی چیف نے امداد کی اپیل کردی

طوفان یاگی سے تباہی، میانمار کے آرمی چیف نے امداد کی اپیل کردی
لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کی وجہ سے 2 لاکھ 35 ہزار سے زائد افراد بے گھر اور 66 افراد ہلاک ہوچکے ہیں: میڈیا رپورٹس/ فوٹو ای پی اے

میانمار میں طوفان یاگی کے نتیجے میں بدترین سیلاب کے بعد فوج کے سربراہ نے امداد کی اپیل کردی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق طاقتور ترین طوفان یاگی نے میانمار میں بھی تباہی مچائی ہے جہاں بارشوں سے سیلابی صورتحال ہے جب کہ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کی وجہ سے 2 لاکھ 35 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ میانمار کی خراب صورتحال پر وہاں کے آرمی چیف نے غیر معمولی طورپر امداد کی اپیل کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق میانمارمیں تین سال کی خانہ جنگی کے بعد پہلے سے بدتر حالات سے دوچارعوام سیلاب کے سبب مزید پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ ایشیا میں سال کے طاقتور ترین طوفان یاگی کے سبب میانمار میں شدید بارشیں ہوئیں جس سے لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے جب کہ مختلف حادثات میں اب تک 66 افراد ہلاک ہوچکے اور 2 لاکھ 35 ہزار سے زائد نے نقل مکانی کی ہے۔

میانمار کے مقامی اخبار کے مطابق آرمی چیف سینئر جنرل مین آنگ نے کہا کہ حکومتی کرتا دھرتاؤں کو عوام کو ریلیف دینے اور انہیں ریسکیو کرنے کے لیے دیگر ممالک سے رابطہ کرنے کی ضرورت ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا انتہائی ضروری ہے کہ ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے کاموں کو فوری طور پر شروع کیا جائے جب کہ وہ خود ریسکیو اور ریلیف کے کاموں کی بھی نگرانی کررہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ میانمار کی فوجی نے پہلے یورپ سے آنے والی امداد کو روک دیا تھا۔

واضح رہےکہ طوفان یاگی نے ویتنام، تھائی لینڈ، لاؤس اور فلپائن میں بھی شدید تباہی مچائی جہاں مجموعی طور پر 300 افراد ہلاک ہوئے۔

مزید خبریں :