Time 18 ستمبر ، 2024
دنیا

ایران کی لبنان میں ہونے والے پیجر دھماکوں کی شدید مذمت

ایران کی لبنان میں ہونے والے پیجر دھماکوں کی شدید مذمت
فوٹو: ارنا

ایران نے لبنان میں ہونے والے پیجر دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے صیہونی رجیم کی جانب سے دہشتگردی اور ’ماس مرڈر‘ کی سازش قرار دیدیا ہے۔

ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لبنان میں کمیونیکیشن ڈیوائس میں دھماکوں کے اسرائیل اور اس کے حواریوں کی جانب سے جنگی اخلاقیات اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

اپنے بیان میں ایرانی ترجمان نے مطالبہ کیا کہ عالمی انسانی قوانین کی اس کھلی خلاف ورزی پر عالمی برادری پر زور دیا کہ اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے ارتکاب پر کارروائی کرکے اسے اس عمل پر سزا دی جائے۔

لبنان میں پیجر دھماکوں کے بعد ایران کے وزیر خارجہ نے بھی لبنانی ہم منصب سے رابطہ کرکے دھماکوں میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ لبنان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ لبنان میں ایرانی سفیر کو فوری طبی امداد فراہم کرنے پر لبنان کے شکر گزار ہیں۔

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے بھی لبنان میں ہونے والے پیجر دھماکوں کو اسرائیلی جارحیت کا حصہ قرار دے دیا تھا۔

ایک بیان میں حماس نے کہا پیجر دھماکوں سے بڑھنے والی کشیدگی اسرائیل کو ناکامی اور شکست کی طرف لے جائے گی۔

خیال رہے کہ اسرائیل کا لبنان میں حزب اللہ کے خلاف حملوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال سامنے آیا ہے، عرب میڈیا کے مطابق لبنان کے مخلتف علاقوں میں حزب اللہ ارکان کے پیجر میں ایک ساتھ دھماکے ہوئے۔

لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پیجر دھماکوں میں ایک بچے سمیت 8 افراد شہید جبکہ ڈھائی ہزار سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، 200 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

رابطوں کیلئےاستعمال ہونے والی پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں سے حزب اللہ کے کئی اراکین بھی زخمی ہوئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پیجر دھماکوں کے نتیجے میں لبنان میں ایران کے سفیر مجتبیٰ امانی بھی زخمی ہوئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق پیجر ڈیوائسز میں دھماکے جنوبی لبنان اور بیروت کے نواحی علاقوں میں ہوئے، حزب اللہ کے زخمی ارکان کو اسپتال پہنچا دیا گیا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔

پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں کے بعد حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دھماکوں سے متعلق تمام حقائق، معلومات کی جانچ کے بعد اسرائیل کو مکمل ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔

حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو نشانہ بنانے والی اس مجرمانہ جارحیت کا مکمل ذمہ دار دشمن اسرائیل ہے، فلسطینیوں کی مزاحمت کی حمایت جاری رکھیں گے، غدار اور مجرم دشمن کو اس جارحانہ فعل کی سزا ضرور دی جائے گی۔

مزید خبریں :