Time 18 ستمبر ، 2024
دنیا

امریکا نے لبنان میں پیجردھماکوں سے لاتعلقی کا اعلان کردیا

امریکا نے لبنان میں پیجردھماکوں سے لاتعلقی کا اعلان کردیا
فوٹو: فائل

امریکا نے لبنان میں پیجردھماکوں سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی آپریشن میں شہری حملوں کا نشانہ نہیں ہونے چاہئیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملرنے کہا کہ لبنان میں حزب اللہ پر پیجر دھماکوں سے متعلق معلومات جمع کررہے ہیں، دھماکوں کے پیچھے کون ہوسکتا ہے اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان تنازعے کا سفارتی حل نکلے، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھانے والا کوئی بھی اقدام امریکا کیلئے باعث تشویش ہے۔

میتھیو ملر نے مزید کہا کہ ایران عدم استحکام بڑھانے کیلئے کسی بھی واقعے کا فائدہ اٹھانے سے باز رہے۔

ادھر اقوام متحدہ کی جانب سے بھی لبنان میں پیجرز ڈیوائس دھماکوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

ایک بیان میں اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ لبنان میں غیر مستحکم حالات پیدا کرنے کی کوشش قابل تشویش ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیل کا لبنان میں حزب اللہ کے خلاف حملوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال سامنے آیا ہے، عرب میڈیا کے مطابق لبنان کے مخلتف علاقوں میں حزب اللہ ارکان کے پیجر میں ایک ساتھ دھماکے ہوئے۔

لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پیجر دھماکوں میں ایک بچے سمیت 8 افراد شہید جبکہ ڈھائی ہزار سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، 200 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

رابطوں کیلئےاستعمال ہونے والی پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں سے حزب اللہ کے کئی اراکین بھی زخمی ہوئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پیجر دھماکوں کے نتیجے میں لبنان میں ایران کے سفیر مجتبیٰ امانی بھی زخمی ہوئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق پیجر ڈیوائسز میں دھماکے جنوبی لبنان اور بیروت کے نواحی علاقوں میں ہوئے، حزب اللہ کے زخمی ارکان کو اسپتال پہنچا دیا گیا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔

پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں کے بعد حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دھماکوں سے متعلق تمام حقائق، معلومات کی جانچ کے بعد اسرائیل کو مکمل ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔

حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو نشانہ بنانے والی اس مجرمانہ جارحیت کا مکمل ذمہ دار دشمن اسرائیل ہے، فلسطینیوں کی مزاحمت کی حمایت جاری رکھیں گے، غدار اور مجرم دشمن کو اس جارحانہ فعل کی سزا ضرور دی جائے گی۔

مزید خبریں :