Time 21 ستمبر ، 2024
پاکستان

لاہور جلسہ: رکاوٹیں ہٹانے کیلئے پشاور موٹر وے پرہیوی مشینری پہنچادی ہے: ترجمان پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور جلسے کیلئے خیبرپختونخوا کے قافلوں کیلئے راستے میں ممکنہ رکاوٹوں کے باعث وقت تبدیل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا سے قافلے اب صبح 10بجے صوابی پہنچیں گےجبکہ ممکنہ رکاوٹوں کو ہٹانےکیلئے ہیوی مشینری استعمال کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور جلسے میں شرکت کیلئے خیبرپختونخوا کے قافلوں کے راستے میں رکاوٹیں ہٹانے کیلئے پشاور موٹر وے پر 50 ہیوی مشینریز پہنچادی گئیں ہیں۔

پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا تھا کہ کرین، شاول اور دیگرہیوی مشینری سے راستے میں کنٹینرز کو ہٹایا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ ہیوی مشینری قافلے سے پہلے لاہور کی طرف روانہ ہوں گی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کیلئے بھی کنٹینرتیار کر لیا گیا ہے، وزیراعلیٰ صوابی سے لاہور جلسے کیلئے کنٹینر میں روانہ ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہورکی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کاہنہ میں رنگ روڈ پر آج کے جلسے کی اجازت دے دی تھی۔

ضلعی انتظامیہ نے 43 شرائط و ضوابط کے ساتھ پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دی ہے اور ڈپٹی کمشنر نے جلسے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کا جلسہ 21 ستمبر کو دوپہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو 8 ستمبر کے جلسے میں سخت زبان پر معافی مانگنا ہوگی اور جلسے کی سکیورٹی آرگنائزرز کے ذمے ہوگی۔

مزید خبریں :