Time 01 اکتوبر ، 2024
کھیل

کوہلی سے موازنہ بے معنی، بابر کو ٹیم سے ڈراپ کرنا چاہیے: ظہیر عباس

کوہلی سے موازنہ بے معنی، بابر کو ٹیم  سے ڈراپ کرنا چاہیے: ظہیر عباس
حال ہی میں بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں بدترین کارکردگی کے بعد بابراعظم کو ان کے مداحوں اور سابق کرکٹر کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے/ فائل فوٹو

قومی ٹیم کے لیجنڈری اور سابق کرکٹر ظہیر عباس نے بابر اعظم  کو ٹیم سے باہر نکالنے کا مطالبہ کردیا۔

 حال ہی میں بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں بدترین کارکردگی  کے بعد بابراعظم  کو  ان کے مداحوں اور سابق کرکٹر کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔ 

ایک انٹرنیشنل کرکٹ ٹاک شو کی 100 ویں قسط کے دوران  گفتگو کرتے ہوئے ظہیر عباس نے بابراعظم کی کارکردگی پربات کی اور  کہا ’بابر اعظم کو ٹیم سے ڈراپ کردینا چاہیے‘ ۔

ایشین بریڈمین کہلائے جانے والے سابق کرکٹر ظہیر عباس نے کہا کہ ’اگر بابر  رنز نہیں بناپارہے کیوں کہ  وہ ہمارے اہم بیٹسمین ہیں، اگر وہ آؤٹ آف فارم ہیں انہیں ٹیم سے بھی باہر نکال دینا چاہیے‘۔

دوسری جانب سابق کرکٹر ظہیر عباس نے  بابر کی حالیہ پرفارمنس دیکھ کر ان کابھارتی کرکٹر  ویرات سے موازنہ بے بنیاد قرار دیا۔

ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ ’ویرات اور بابر کا موازنہ بے معنی ہے، ویرات ہر میچ میں رنز کرتے ہیں جب کہ بابر ہر میچ میں رنز نہیں کرتے تو آپ دونوں کا موازنہ کیسے کرسکتے ہیں‘؟

واضح رہے کہ ظہیر عباس کے بابر سے متعلق ریمارکس ان کے حال ہی میں بنگلادیش کے خلاف دی گئی خراب کارکردگی پر سامنے آئے ہیں، بابر نے بنگلادیش کے خلاف اپنی4  اننگز میں صفر، 22،  11 اور 31رنز بنائے تھے، اس سیریز میں پاکستان کو بنگلادیش کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

خراب کارکردگی کے  باعث بابر اعظم کئی سالوں میں پہلی دفعہ ٹاپ10 بیٹرز کی رینکنگ سے بھی  باہر ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :