Time 11 اکتوبر ، 2024
دنیا

فلوریڈا: طوفان ملٹن سے اموات کی تعداد 16 ہوگئی، 30 لاکھ افراد بجلی سے محروم

فلوریڈا: طوفان ملٹن سے اموات کی تعداد 16 ہوگئی، 30 لاکھ افراد بجلی سے محروم
سمندری طوفان کے بعد بگولوں نے تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں گھروں کی چھتیں اُڑ گئیں اور درخت گرگئے/ فوٹو رائٹرز

امریکا میں صدی کے سب سے خطرناک سمندری طوفان ملٹن نے ریاست فلوریڈا میں تباہی مچادی جس سے 16 افراد جاں بحق ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاست فلوریڈا میں سمندری طوفان کے بعد بگولوں نے تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں گھروں کی چھتیں اُڑ گئیں اور درخت گرگئے جب کہ فلوریڈا میں طوفان سے اموات کی تعداد 16 ہوگئی ہے اور  30  لاکھ سے زیادہ صارفین بجلی سے محروم ہوگئے۔

اس کے علاوہ کیٹیگری 3 کے طوفان کے ساتھ شدید بارشیں بھی ریکارڈ ہوئی ہیں جس کے سبب متاثرہ علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، سمندری طوفان ملٹن کی شدت کم ہو کر کیٹیگری ایک میں بدل گئی۔

واضح رہے گزشتہ روز سمندری طوفان ملٹن ریاست فلوریڈا سے ٹکرایا تھا جس دوران 195 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی ہوائیں چلیں اور فلوریڈا میں2 ہزار پروازیں منسوخ ہوئیں۔

طوفان کے باعث فلوریڈا کے ساحلی علاقوں سے 72 لاکھ افراد کو علاقہ خالی کرنے کی وارننگ جاری کی گئی تھی۔

اس سے پہلے طوفان ہیلین فلوریڈا سے ٹکرایا تھا جس سے جنوبی ریاستوں میں تقریباً 250 اموات ہوئی تھیں۔

مزید خبریں :