Time 21 نومبر ، 2024
دلچسپ و عجیب

دنیا کی طویل القامت اور پست قد خاتون کی پہلی بار ملاقات

دنیا کی طویل القامت اور پست قد خاتون کی پہلی بار ملاقات
دنیا کی طویل القامت خاتون رومیسہ کا تعلق ترکیہ جبکہ دنیا کی پست قد خاتون کا اعزاز رکھنے والی جیوتی بھارت سے تعلق رکھتی ہیں—فوٹو: انٹرنیٹ

دنیا کی طویل القامت اور پست قد خاتون کی پہلی بار ملاقات ہوئی ہے جس کی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی۔ 

گنیز ورلڈ ریکارڈز نے بھارت سے تعلق رکھنے والی دنیا کی پست قد خاتون جیوتی اور ترکیہ سے تعلق رکھنے والی  دنیا کی قد آور خاتون رومیسہ  کے درمیان ہونے والی ملاقات کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی۔

لندن میں ہونے والی ملاقات میں دونوں کو ایک ساتھ وقت گزارتے اور چائے پیتے ہوئے خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔جیوتی کو دیکھ کر رومیسہ نے کہا کہ آپ بہت خوبصورت ہیں، جواب میں جیوتی نے بھی رومیسہ کو حسین کہا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے اس ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا کہ دنیا کی سب سے چھوٹی خاتون اور سب سے لمبی خاتون رومیسہ آج پہلی بار ملاقات کر رہی ہیں۔

اس ویڈیو  کو صارفین کی جانب سے کافی لائیکس اور ویوز مل رہے ہیں۔

دنیا کی طویل القامت خاتون رومیسہ کون ہیں؟

دنیا کی طویل القامت اور پست قد خاتون کی پہلی بار ملاقات
فوٹو: انٹرنیٹ

1997 میں پیدا ہونے والی رومیسہ ایک وکیل اور پبلک اسپیکر ہیں،  انہیں بچپن میں ہی ویور سنڈروم کی تشخیص ہوئی جب ان کا قد دیگر بچوں کی نسبت غیر معمولی طور پر زیادہ تھا۔

انہوں نے 2014 میں دنیا کی قد آور ٹین ایجر کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا  جس کے بعد رومیسہ نے اکتوبر 2021 میں گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے دنیا کی طویل القامت خاتون کا اعزاز حاصل کیا۔

رومیسہ کا قد 215.16 سینٹی میٹر (7 فٹ 0.7 انچ) ہے۔ اپنے طویل قد کی وجہ سے انہیں چلنے میں دشواری ہوتی ہے اس لیے وہ وہیل چیئر کی مدد لیتی ہیں۔

دنیا کی پست قد خاتون جیوتی کون ہیں؟

دنیا کی طویل القامت اور پست قد خاتون کی پہلی بار ملاقات
فوٹو: انٹرنیٹ

بھارت کے شہر ناگپور سے تعلق رکھنے والی جیوتی میں5 سال کی عمر کے بعد  ایکونڈروپلازیا نامی بیماری کی تشخیص ہوئی، جو ایک قسم کا بوناپن ہے اور جس کی وجہ سے ان کا قد ایک خاص حد سے زیادہ نہیں بڑھ سکا۔

30 سالہ جیوتی  مشہور گلوکار میکا سنگھ کے ایک گانے کی ویڈیو میں بھی نظر آئیں ہیں جبکہ حال ہی میں انہوں نے ایک امریکی ٹی وی سیریز  میں بھی اداکاری کی۔

16 دسمبر 2011 کو جیوتی نے دنیا کی سب سے پست خاتون کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا ۔ان کا قد 62.8 سینٹی میٹر ہے۔


مزید خبریں :