11 جنوری ، 2025
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کیلئے 15 ارکان پر مشتمل ٹیم کا اعلان کردیا۔
ٹیم میں دورہ جنوبی افریقا پر جا نے والے 4 فاسٹ بولرز محمد عباس ،میر حمزہ، نسیم شاہ اور عامر جمال کو ڈراپ کردیا گیا جب کہ مسٹری اسپنر ابرار احمد کے ساتھ گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف 2 میں 21.10 کی اوسط سے 19 وکٹیں لینے والے ساجد خان کی قومی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے سابق سربراہ ٹیسٹ آف اسپنر توصیف احمد کا خیال ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف اس سے بہتر ٹیم منتخب نہیں ہوسکتی تھی۔
فاسٹ بولرز کو بورڈ کی طرف سے آرام دیے جانے کے حوالے سے ان کا خیال ہے کہ ملتان میں صورتحال فاسٹ بولرز کیلئے موافق نہیں ہوگی لہٰذا اسکواڈ میں اسپنرز کی شمولیت درست فیصلہ دکھائی دیتا ہے۔
پاکستان کیلئے ٹیسٹ کرکٹ میں 93 اور ون ڈے کرکٹ میں 55 وکٹیں حاصل کرنیوالے 66 سال کے آف بریک بولر کہتے ہیں کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف نئے کھلاڑیوں کو موقع ملتا تو اچھا ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ حسیب اللہ کے ان فٹ ہو نے پر روحیل نذیر کو ٹیسٹ اسکواڈ کیلئے منتخب کرنا مناسب فیصلہ ہے۔
البتہ توصیف احمد نے مزید کہا کہ اچھا ہوتا کہ روحیل نذیر کو متبادل وکٹ کیپر کے بجائے ٹیسٹ ڈیبیو کروایا جاتا، چیمپئنز ٹرافی کو مدنظر رکھتے ہوئے اور محمد رضوان کی ٹیسٹ کرکٹ میں حالیہ کارکردگی کے تناظر میں اگر انھیں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نا کیا جاتا تو بہتر فیصلہ ہوتا۔