پاکستان
02 مارچ ، 2013

اوکاڑہ: کسان اتحاداور واپڈا ملازمین کا دھرنا کئی گھنٹوں سے جاری

اوکاڑہ: کسان اتحاداور واپڈا ملازمین کا دھرنا کئی گھنٹوں سے جاری

اوکاڑہ…اوکاڑہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور زائد بلوں کے خلاف جمعے کی دوپہر کو شروع ہونیوالا متحدہ کسان محاذ اور واپڈا ملازمین کا احتجاج اور دھرنا رات گئے بھی جاری ہے۔ دھرنے کی وجہ سے جی ٹی روڈ پر شدید ٹریفک جام ہے اور کئی کلومیٹرتک گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں، ٹریفک میں پھنسے بچے،خواتین اوربڑے بھوک،پیاس اور تھکاوٹ سے نڈھال ہیں اورانکا کوئی پرسان حال نہیں۔ ٹریفک جام میں ایمبولینسیں بھی پھنسی ہوئی ہیں، جن میں مریض موجود ہیں، سرد موسم کے باعث مسافروں کابراحال ہے، کھانے پینے کاسامان بھی نہیں، عورتیں اوربچے سردی کی وجہ سے شدیدپریشان ہیں۔ اوکاڑہ میں جی ٹی روڈ بائی پاس پر کسان اتحاد نے دوپہر کو احتجاج شروع کیا اوردھرنا دیا۔ مظاہرین نے ریلوے پھاٹک میں کنٹینر لگا کر ٹریک بند کردیا۔ مظاہرے کے باعث جی ٹی روڈ کے دونوں طرف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ اسکول کے بچے اور اساتذہ بھی ٹریفک میں پھنس گئے۔ انکا کہناتھاکہ وہ بھوکے پیاسے ہیں اورگھنٹوں سے باتھ روم بھی نہیں گئے۔ مسافروں کا کہناتھاکہ مظاہرین حکومت کو تنگ کرنے کی بجائے عوام کو پریشان کررہے ہیں ، حکومت کو بھی مسئلے کا حل نکالنا چاہیے۔ اس سے قبل ڈی پی او ڈاکٹر حیدر اشرف نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اورانہیں دھرنا ختم کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی۔ ڈی پی او نے بتایا کہ حکومت نے مظاہرین کے مطالبات تسلیم کرلیے مگر مظاہرین کا مطالبہ تھاکہ فوری نوٹی فکیشن جاری کیا جائے۔ اس سے پہلے دوپہر کو کسان اتحاد نے ریلوے ٹریک پر دھرنا دیا تو ریلوے ٹریفک بھی بری طرح متاثر ہوئی اور کراچی جانے والی ٹرینوں کو واپس لاہوربھیج کر براستہ فیصل آباد خانیوال کراچی روانہ کیا گیا جبکہ ساہیوال سے لاہورآنیوالے مسافروں کو بسوں اورویگنوں پر سفر کرنا پڑا۔

مزید خبریں :