Time 20 جنوری ، 2025
کھیل

آسٹریلیا سے بدترین شکست، بھارتی بورڈ نے کھلاڑیوں کیلئے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دیں

آسٹریلیا سے بدترین شکست، بھارتی بورڈ نے کھلاڑیوں کیلئے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دیں
بھارتی بورڈ نے انڈیا انگلینڈ وائٹ بال سیریز سے قبل تمام ریاستی کرکٹ ایسوسی ایشنز کو نئی گائیڈ لائنز سے آگاہ کر دیا ہے۔ فوٹو فائل

بورڈر گواسکر ٹرافی میں آسٹریلیا سے بدترین شکست کے باعث ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سے باہر ہونے والی بھارتی ٹیم کے لیے بی سی سی آئی نے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کی تازہ 10 نکاتی گائیڈ لائنز کا اطلاق انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہو گا، بھارتی ٹیم بس کے پروٹوکول بھی گائیڈ لائن میں شامل ہیں۔

بھارتی بورڈ نے انڈیا انگلینڈ وائٹ بال سیریز سے قبل تمام ریاستی کرکٹ ایسوسی ایشنز کو نئی گائیڈ لائنز سے آگاہ کر دیا ہے۔

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 22 جنوری کو کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کو بتا دیا گیا ہے کہ ٹیم کے کسی رکن کے لیے الگ گاڑی کا انتظام نہ کیا جائے۔

صدر کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال سنیہاسیش گنگولی کا کہنا ہے کہ بھارتی بورڈ نے بورڈر گواسکر ٹرافی میں شکست کے بعد 10 نکاتی گائیڈ لائنز بنائی ہیں جس کے تحت بھارتی اسکواڈ کے تمام اراکین ٹیم بس میں ہی سفر کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پورے پریکٹس سیشن کے دوران تمام کھلاڑی موجود رہیں گے، بس پر آئیں گے اور بس پر اکٹھے جائیں گے، بھارتی بورڈ کی گائیڈ لائن پر مکمل عمل ہو گا، بھارتی ٹیم کے لیے صرف ایک بس کا انتظام کیا گیا ہے، کسی کھلاڑی یا آفیشلز کا ذاتی مینجر یا اسسٹنٹ بھی ٹیم ہوٹل میں قیام پذیر نہیں ہو گا۔

مزید خبریں :