23 جنوری ، 2025
جنوبی غزہ کے شہر رفح میں اسرائیلی ٹینک کے حملے میں 2 فلسطینی شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق واقعہ رفح شہر کے علاقے تل السلطان میں پیش آیا جہاں اسرائیلی ٹینک کے فائر کیے گئے گولے کے زد میں آکر 2 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
غزہ میں 19 جنوری کو شروع ہونے والی جنگ بندی کے بعد یہ اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی پہلی خلاف ورزی ہے۔
جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں اسرائیلی فوج نے غزہ کے آبادی والے علاقوں سے نکل کر غزہ کی سرحد کے قریب تعینات ہونا تھا۔
جنگ بندی کے پہلے روز حماس کی قید میں موجود 3 اسرائیلی خواتین کو رہا کیا گیا تھا جن کے بدلے اسرائیلی جیلوں میں قید 90 فلسطینی خواتین اور بچوں کو رہا کیا گیا تھا۔