02 مارچ ، 2013
لاہور … چوہدری احمد مختار کا کہنا ہے کہ چوہدری برادران گجرات میں میرے حلقے سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں، صدر زرداری نے چوہدری برادران کو لکھ کر دیدیا میری سیٹ ٹرانسفر نہیں ہوسکتی، ایران کے ساتھ روس، بھارت اور دیگر ممالک پر پابندیاں نہیں لگیں تو پاکستان پر کیوں لگیں گی۔ لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی و بجلی چوہدری احمد مختار کا کہنا ہے کہ میرے بھائی چوہدری احمد سعید (ن) لیگ میں شامل نہیں ہوئے، ان سے متعلق وقت بتادے گا کہ میں درست ہوں یا کوئی اور۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران چاہتے ہیں کہ وہ میرے حلقے سے الیکشن لڑیں، گجرات میں اپنی سیٹ کا صدر زرداری سے پوچھا تھا، انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران کو لکھ کردے دیا احمد مختار کی سیٹ ٹرانسفر نہیں ہوسکتی۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے حلقے پر 19 سال خرچ کئے، نہ کوئی فیکٹری لگائی نہ میرا مفاد ہے، پیپکو کہتی ہے بریک ڈاوٴن میں ان کا فالٹ نہیں، تحقیقات کررہے ہیں، کوئلہ جنریشن سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی ہوسکتی ہے، گنے کی پھوک سے بھی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدوں پر روس، بھارت اور دیگر ممالک پر پابندیاں نہیں لگیں تو پاکستان پر کیوں؟، ،میں نہیں سمجھتا کہ امریکا یہ ناانصافی کرسکتا ہے۔