02 مارچ ، 2013
کراچی … متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے کراچی میں لینڈ مافیا کا خاتمہ کیا اب منشیات فروشوں کی باری ہے۔ کراچی میں گارڈن کے علاقے پاکستان کوارٹرز میں ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں متحدہ قومی موومنٹ بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آکر ایک مضبوط اور بااختیار بلدیاتی نظام لے کر آئیں گے اور جمہوریت کو اسلام آباد کے ایوانوں سے نکال کر عوام کے دروازوں پر لے کر جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے کاموں کی وجہ سے عوام فقیر بن گئے ہیں، یہاں پورے خاندان اسمبلیوں میں موجود ہیں، موروثی سیاست کا خاتمہ کریں گے۔