02 مارچ ، 2013
فیصل آباد … فیصل آباد میں میٹرک کے سالانہ امتحانات 2013ء کیلئے مرتب سوالیہ پرچے بینک لاکر سے غائب ہو گئے، پولیس نے بینک منیجراور بورڈ ملازمین سمیت 4 افراد کو حراست میں لے لیا۔ تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے زیر اہتمام میٹرک کے سالانہ امتحانات 2013ء کا آغاز ہوگیا تاہم پہلے ہی روز سرگودھا روڈ پر نجی بینک میں رکھوائے گئے امتحانی سوالیہ پرچوں کے 8 بنڈل بینک سے پر اسرار طور پر غائب ہو گئے۔ پولیس نے بینک منیجر، کیشیئر اور محکمہ تعلیم کے 2 ملازمین کو حراست میں لے لیا۔ تعلیمی بورڈ کے کنٹرولر امتحانات ملک ظفر اقبال کے مطابق چوری ہونے والے بنڈلز میں 5 تاریخ کو ہونے والے انگلش، 7 فروری کو ہونے والے کیمسٹری اور جنرل سائنس اور 9 فروری کو ہونے والے کمپیوٹر سائنس کے 4 مضامین کے پرچے موجود تھے ۔ اب ان کے متبادل نئے پرچوں کی چھپوائے جارہے ہیں۔