02 مارچ ، 2013
کراچی … ملک میں بجلی کی پیداور کے متبادل اور سستے ذرائع کے حصول میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، ہوا کے ذریعے 106 میگاواٹ بجلی کی باقاعدہ پیداوار رواں ماہ سے شروع ہوجائے گی۔ ہوا کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ سندھ میں جھم پیر کے مقام پر شروع ہو چکا ہے، یہاں نصب کی گئیں دیو قامت ونڈ ٹربائن خوبصورت منظر پیش کررہی ہیں۔ پاکستانی کمپنی ایف ایف سی انرجی لمیٹڈ نے گزشتہ سال دسمبر سے 50 میگاواٹ بجلی کی پیدوار شروع کردی ہے جبکہ ترکی کی کمپنی زورلو Zorlu انرجی پاکستان لمیٹڈ کے پلانٹ سے 56.4 میگاواٹ بجلی کی باقاعدہ پیداوار آئندہ 2 ہفتوں میں شروع کردے گی۔ اس طرح اس مہینے کے آخر تک 106.4 میگاواٹ اضافی بجلی نیشنل گرڈ اسٹیشن کو ملنے لگے گی۔ ترک کمپنی کا ونڈ ٹربائن نصب کرنے کا منصوبہ تقریباً ساڑھے 13 کروڑ ڈالر کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ وزارت پانی و بجلی نے بجلی کی قومی پیداوار میں ہوا سے حاصل ہونے والی بجلی کا حصہ 5 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد کردیا ہے۔