پاکستان
02 مارچ ، 2013

پرویز مشرف جھوٹا اور بزدل ترین شخص ہے ،لیاقت بلوچ

پرویز مشرف جھوٹا اور بزدل ترین شخص ہے ،لیاقت بلوچ

لاہور … سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پرویز مشرف جھوٹا اور بزدل ترین شخص ہے ،جو دنیا بھر میں در در کی ٹھوکریں کھاتا پھرتا ہے، وطن واپسی پر اس کے جرائم کی بنیاد پر زمین فراخ نہیں بلکہ تنگ ہوجائے گی۔ عبوری دور حکومت میں بھی آزاد عدلیہ اور قومی اتفاق رائے کا الیکشن کمیشن موجود ہوگا۔قوم پہلے این آر او کے زہریلے اثرات سے نجات نہیں پاسکی ،اب جرائم کو معاف کرنے والے کسی نئے این آر او کی گنجائش نہیں ہے۔جنرل مشرف کو احساس نہیں یا جرائم نے ان کے دل کو اس قدر سیاہ کردیا ہے کہ انہیں اپنے جرائم کا اندازہ نہیں ہورہا۔مشرف نے نہ صر ف ایک امریکی فون کال پر سرنڈر کرکے ملک و قوم کو غلامی دہشت گردی اور ذلت کا شکار کیا بلکہ ہزاروں معصوم پاکستانیوں کو امریکی جنگ کی بھینٹ چڑھا دیا ،ان کا خون مشرف کو قانون کے کٹہرے میں ضرور کھڑا کریگااور شہداء کے ورثا کا لشکر ان پر ٹوٹ پڑے گا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جنرل مشرف نے دو مرتبہ آئین توڑا ،عدلیہ پر شب خون مارا ،اعلی عدلیہ کے ججوں کی توہین کی ،نوا ب اکبر بگٹی کو شہید کیا اور بلوچستان میں آگ و خون کے کھیل کا آغاز کیا۔کراچی میں 12مئی کو قتل عام کراکے روشنیوں کے شہرکو تباہی کی طرف دھکیل دیا ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت آئین کے مطابق آرٹیکل 6کے تحت جنرل مشرف کے خلاف آئینی قانونی اور عدالتی کارروائی شروع کرے۔

مزید خبریں :