26 فروری ، 2025
بالی وڈ سپر اسٹار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان علیحدگی کی خبروں پر فیملی کے وکیل نے حقیقت بتا دی۔
گزشتہ کئی روز سے بھارتی میڈیا میں گووندا اور سنیتا آہوجا کے درمیان شادی کے 37 سال بعد علیحدگی کی خبریں گرم ہیں۔
بھارتی میڈیا نے دونوں شخصیات کے درمیان طلاق کی وجہ گووندا کا 30 سالہ مراٹھی اداکارہ کے ساتھ مبینہ تعلق بتایا گیا تاہم اب اداکار کے وکیل نے معاملہ صاف کردیا۔
گووندا کے وکیل نے بھارتی میڈیا کو بتایاکہ 6 ماہ قبل گووندا اور سنیتا میں اختلافات ہوگئے تھے اور سنیتا نے علیحدگی کی درخواست دائر کی تھی تاہم اب دونوں کے درمیان اختلافات ختم ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گووندا اور سنیتا اب ایک ساتھ رہ رہے ہیں، دونوں نیو ایئر نائٹ پر ایک ساتھ نیپال گئے، اس کے علاوہ ایک ساتھ پشوپتی ناتھ مندر میں پوجا بھی کی اور اب دونوں کے درمیان سب ٹھیک ہے۔
گووندا کے وکیل نے دونوں کے علیحدہ رہنے سے متعلق بتایاکہ بطور ممبر پارلیمنٹ بننے پر گووندا نے علیحدہ بنگلہ لیا تھا اور وہ گھر کے بالکل سامنے ہی ہے، بعض دفعہ میٹنگز کی وجہ سے انہیں رات کو بنگلے میں ہی قیام کرنا پڑتا ہے لیکن دونوں ایک ساتھ ہی رہتے ہیں۔
خیال رہے کہ گووندا اور سنیتا کی شادی کو 37 سال کا عرصہ گزرچکا ہے اور جوڑے کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔
سنیتا اور گووندا نے 1987 میں اس وقت شادی کی تھی جب گووندا بالی وڈ میں اپنی شناخت بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔