06 مارچ ، 2013
اسلام آباد…اقتصادی ر ابطہ کمیٹی نے کراچی سرکلر ریلوے کے لیے ٹیکسوں کی چھوٹ کی منظوری دے دی ہے اور کراچی سرکلر ریلوے درآمد ہونے والی مشینری کے لیے سیلز ٹیکس، کسٹم ڈیوٹی اور فیڈرل ڈیوٹی وصول نہیں کی جائے گی۔ وزیر خزانہ سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں لکی سیمنٹ کو کانگو میں سرمایہ کاری کی اجازت دی گئی۔ لکی سیمنٹ کانگو میں 4 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے۔ فاٹا اور خیبر پختون خوا کے لیے معاشی ریلیف کی منظوری دی گئی۔ خیبر پختون خوا میں ایک ہزار ٹن گھی کی برآمد کے خام مال پر ٹیکس معاف کیا گیا ہے۔ اجلاس میں گنے کے بھوسے سے بجلی بنانے کی پالیسی منظور کی گئی۔ حکومت گنے کے بھوسے سے بننے والی بجلی خریدے گی۔ چینی کی برآمد پر پونے دو روپے سبسڈی دینے کی منظوری کی گئی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مائع پٹرولیم گیس کی پالیسی میں ترمیم بھی منظور کرلی۔ جس کے تحت ایل پی جی ایئر مکس کے لیے مقامی پیداوار کی آئل مارکیٹنگ کمپنیاں بھی سپلائی دینے کی اہل ہوسکیں گی۔ اجلاس میں جن معاملات پر غور کرنا موخر کیا ہے ان میں پندرہ سال پرانے سی این جی اسٹیشنز متروک کرنے کی سمری ڈیزل کی تیاری پر ریفائنری کو Deemed ڈیوٹی ساڑھے سات فی صد سے بڑھا کر 9 فی صد کرنے کی تجویز پر بھی شامل ہے۔ ای سی سی کا آیندہ اجلاس اب جمعہ 8 مارچ کو ہوسکتا ہے۔