06 اپریل ، 2025
امریکی شخص نے سابقہ گرل فرینڈ کی مرغی چوری کرلی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست واشنگٹن کی کِٹساپ کاؤنٹی میں پیش آیا جہاں 50 سالہ شخص نے اپنی سابقہ گرل فرینڈ کے پالتو جانور کو چوری کرلیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خاتون نے پالتو جانور کے طور پر گھر میں ایک مرغی پال رکھی تھی جس کا نام 'پولی' تھا۔
اسی حوالے سے پولیس نے بتایا کہ خاتون کی جانب سے اپنی مرغی چوری ہونے کی شکایت فون پر کی گئی اور بتایا کہ ان کا سابق بوائے فرینڈ گھر میں داخل ہوا اور اس نے گھر کے پچھلے دروازے پر لات ماری اور میری مرغی چوری کرلی۔
خاتون نے مزید بتایا کہ مرغی چوری کرتے ہوئے وہ شخص بار بار بول رہا تھا کہ 'مجھے پولی مل گئی'۔
پولیس کے مطابق خاتون کی شکایت پر فوری کارروائی کی گئی اور علاقے میں موجود جھاڑیوں میں چھپے 50 سالہ شخص کو تلاش کرلیا گیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ گرفتار ہونے سے قبل ملزم روتے ہوئے بار بار بول رہا تھا کہ اس کی مرغی کو نقصان نہ پہنچایا جائے جس کی یقین دہانی کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا اور خاتون کو اس مرغی واپس کردی گئی جبکہ ملزم کو کچھ دیر حراست میں رکھنے کے بعد چھوڑ دیا گیا۔