10 مارچ ، 2013
بلوم فاؤنٹین…جنوبی افریقہ نے پاکستان کو یہاں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں 125سے شکست دیکر سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی،پاکستان کی پوری ٹیم 36.2اوورز میں 190رنز پر ڈھیر ہوگئی،جنوبی افریقہ کے انگرام کو انکی شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر افریقی الیون نے اپنے مقررہ پچاس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 315رنز بناڈالے، اس طرح پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 316رنز جیسا بڑا ہدف ملا۔تاہم پاکستان کی جانب سے اچھی اوپننگ پارٹنرشپ کے باوجود بعد میں آنے والے بیٹسمین حالات کے مطابق نہ کھیل سکے بالخصو ص مڈل آڈر بیٹنگ افریقی بولنگ کا مقابلہ نہ کرسکی اور پاکستان کے بیٹسمین یکے بعد دیگر پویلین لوٹتے رہے۔کپتان مصباح الحق 38،شاہد آفری 34،یونس خان 30جبکہ حفیظ اور ناصر جمشید نے 25،25رنز کی باریاں تراشی،پانچ پاکستانی بیٹسمین ڈبل فیگر بھی نہ بناسکے۔پاکستان ٹیم بکھری بکھری نظر آئی ،اور ایسا لگ رہا تھا کہ کوچ ،کپتان اور منیجر نے میچ کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی ہے۔پروٹیز کی جانب سے کلین ویلڈ نے چار ، میک لارین نے تین جبکہ سوٹسوبے اور ایبٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پانچ میچوں کی اس ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ 15مارچ کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔