18 مارچ ، 2013
کراچی…پاکستان کے سابق اولمپئن باکسرخان محمد طویل علالت کے بعد لندن میں انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 84 برس تھی۔ خان محمد نے 1952 کے ہیلسنکی، فن لینڈ اولمپکس مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے 75 کلوگرام مقابلوں کے پہلے راوٴنڈ میں پولینڈ کے ایچ نووارا (H Nowara) کے خلاف کامیابی حاصل کی جبکہ دوسرے راوٴنڈ میں انہیں اٹلی کے باکسرڈبلیو سینٹی مینٹی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان کا بنیادی تعلق لیاری تھا۔ سوگواران میں چھ بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں جبکہ ان کی اہلیہ پہلے ہی جہان فانی سے کوچ کرگئی ہیں۔ ڈسٹرکٹ ساوٴتھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر حبیب جان نے لندن سے بتایا کہ اولمپئن باکسرخان محمد کی میت اگلے دو دن میں پاکستان لائی جائے گی اور ان کی تدفین کراچی میں ہوگی۔ دریں اثناء پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر دودا خان بھٹو، نائب صدر شاہ نعیم ظفر، سیکرٹری جنرل اقبال حسین اور دیگر عہدیداران نے اولمپئن باکسر خان محمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔